سری نگر،25؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے چوگام علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹوں کے درمیان تصادم میں لشکر طیبہ سے وابستہ دو ملی ٹنٹ ہلاک ہوئے ہیں۔ ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیان کے چوگام علاقے میں ہفتے کی علی الصبح چھڑنے والے تصادم میں لشکر طیبہ نامی ملی ٹنٹ تنظیم سے وابستہ دو ملی ٹنٹ مارے گئے۔ مہلوک ملی ٹنٹوں کی شناخت سجاد احمد چک ساکن براری پورہ شوپیان اور راجا باسط بٹ ساکن اچھن پلوامہ کے بطور کی گئی ہے۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا کہ ملی ٹنٹوں کے چھپنے کی اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے شوپیاں کے چوگام علاقے کو ہفتے کی علی الصبح محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔ انہوں نے بتایا کہ تلاشی آپریشن کے دوران جوں ہی سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچی تو وہاں چھپے ملی ٹنٹوں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔